رائے پور، 6؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ سکما ضلع میں پولیس نے تصادم میں ایک نکسلی کو مار گرایا ہے۔سکما ضلع کے پولیس حکام نے آج بتایا کہ ضلع کے دورناپال تھانہ علاقے کے تحت کویابیکور گاؤں کے جنگل میں پولیس نے تصادم میں ایک نکسلی کو مار گرایا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ دورناپال تھانہ علاقے میں آج نکسلی سرگرمیوں کی اطلاع کے بعد ضلع پولیس فورس اور ڈی آرجی کی مشترکہ ٹیم کو گشت کرنے کے لئے روانہ کیا گیا تھا۔ٹیم جب کویابیکور گاؤں کے جنگل میں تھی تب نکسلیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔پولیس پارٹی نے بھی جوابی کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر تک دونوں جانب سے فائرنگ کے بعد نکسلی بھاگ گئے،جب پولیس ٹیم نے جائے حادثہ کی تلاشی لی تب وہاں ایک باوردی نکسلی کی لاش، ایک بھرمار بندوق اور دیگر اشیاء برآمد کی گئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ مارے گئے نکسلی کی شناخت کیرلاپال علاقے کے جنتانا سرکار کے مکھیابیجامی کے طور پر ہوئی ہے،وہ علاقے کے دس گاؤں میں نکسلی سرگرمیاں کرتا تھا۔حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم نکسلیوں کا پیچھا کر رہا ہے۔اس سلسلے میں مکمل معلومات ان کے کیمپ میں واپس لوٹنے کے بعد ہی مل سکے گی۔ریاست کے نکسل متاثرہ بستر علاقے میں پولیس ٹیم مسلسل نکسلیوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔پولیس ٹیم نے اس سال مختلف مقابلوں میں 89نکسلیوں کو مار گرایا ہے۔